Header Ads

کلین اینڈ گرین پاکستان.

ہمارے ہاں اکثر یورپی ممالک کی صفائی اور صاف ستھرے ماحول کی مثالیں دی جاتی ہیں لیکن بہت کم اسلامی ممالک ایسے ہیں کہ صفائی کے حوالے سے جنہیں مثال کے طور پر پیش کیا جا سکے۔ یورپی قومیں اسلام کے زریں اصولوں کو اپنا کر صفائی ستھرائی کی مثال بن چکی ہیں اورہم ان تعلیمات سے روگردانی کر کے ابتری کی مثال بن چکے ہیں۔ رسول اﷲ حضرت محمدﷺ کا ارشاد مبارک ہے کہ’’ صفائی نصف ایمان ہے‘‘۔ یورپی قومیں اسلام کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہیں اوریورپ میں کہیں گندگی نظر نہیں آتی اوربدقسمتی سے ہمارے ہاں کہیں صفائی دیکھنے کو نہیں ملتی۔اپنے اردگرد کے ماحول میں گندگی کو برداشت کرنے کا رویہ افسوسناک ہی نہیں بلکہ اسے شرمناک کہا جائے تو کچھ غلط نہیں۔ ہماری یہ صورتحال ہے کہ ہم اپنے کسی بھی شہر یا کسی بھی قصبے کو صفائی کے لحاظ سے مثالی قرارنہیں دے سکتے۔ گزشتہ چند سال سے اکتوبر اور نومبر کے دنوں میں لاہور بری طرح سموگ کی لپٹ میں آ جاتا ہے جس کے باعث پورے شہرمیں کاروبار زندگی مفلوج ہو جاتا ہے اور بچے، بوڑھے، جوان سب بیماریوں میں مبتلا ہو کر ہسپتالوں میں پہنچ جاتے ہیں۔آپ جانتے ہیں کہ پاکستان گلوبل وارمنگ کے لحاظ سے پہلے سات خطرناک ترین ممالک میں شامل ہے جہاں درجہ حرارت بڑھنے سے ماحولیاتی تغیررونما ہو رہے ہیں۔ بارشوں کا شیڈول بدل رہا ہے۔ زیرزمین پانی کی سطح نیچے اور سمندر کی سطح بتدریج بلند ہو رہی ہے۔ گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں۔ جنگلی حیات ناپید ہونے کے خطرے سے دوچار ہے۔ اگر ہمیں اب بھی اپنے مستقبل کے بارے میں نہیں سوچنا تو کب سوچنا ہے؟ پاکستان میں ہر سال 40ہزار سے زائد معصوم بچے ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے بیماریوں کا شکار ہو کر موت کے منہ میں پہنچ جاتے ہیں۔ دریاؤں اور ندی نالوں میں سیوریج کا پانی ڈالنے سے پولیو، ہیپاٹائٹس اور دیگر مہلک امراض پھیل رہے ہیں لیکن اب وقت آگیا ہے کہ اس رویئے کو بدلنا ہوگا اور معاشرے کے ہر فرد میں صفائی کا شعور بیدار کرنا ہو گا اور یہی وزیر اعظم عمران خان کا ویژ ن ہے اور اسی ویژن پر عمل پیرا ہو کر اور جانفشانی سے کام کر کے کے حقیقی تبدیلی کے اثرات عوام تک منتقل کئے جا سکتے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار عمران خان کے جانثار سپاہی ہیں اور کپتان کے ویژن پر پوری طرح عمل پیرا ہیں۔سردار عثمان بزدار عمران خان کے ویژن کے مطابق کام کرتے ہوئے برق رفتاری سے آگے بڑھ رہے ہیں اور نئے پاکستان کی تعمیر کیلئے مکمل عزم اور یقین کے ساتھ مصروف عمل ہیں۔وزیراعلیٰ سردار عثمان احمد خان بزدار نے پنجاب میں ’’کلین اینڈ گرین پاکستان ‘‘ کی تاریخی اور قومی مہم کا افتتاح کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے حضوری باغ میں پودا لگا کر، صفائی کیلئے جھاڑو دے کراورصابن سے ہاتھ صاف کر کے مہم کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ کے بعدچیف سیکرٹری پنجاب،سابق کرکٹر انضمام الحق اورسکول کے ایک بچے نے بھی حضوری باغ میں پودے لگائے۔ا س موقع پر صاف و سبز پاکستان مہم کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کی اففتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم ایک قومی تحریک ہے جسے ہم نے ملکر کامیاب کرنا ہے ۔پنجاب میں اس مہم کو ہر قیمت پر کامیاب کیا جائے گا اوراس میں ہر محکمہ پوری طرح حصہ لے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت ملک میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے گا۔گرین پاکستان کیلئے پودے لگائے جائیں گے۔پنجاب میں 50کروڑ پودے لگانے کا ہدف پورا کریں گے اور اس ضمن میں مقابلے بھی کرائے جائیں گے اوراچھی کارکردگی پر تحصیل کی سطح پر انعامات دیئے جائیں گے۔’’کلین اینڈ گرین پاکستان ‘‘مہم کے تحت ماحولیاتی ، فضائی، آبی اور زمینی صفائی کا اہتما کیا جائے گا۔ اس مہم کے تحت گلی محلو ں، سڑکوں، شاہراہوں، دیہات، قصبوں اور شہروں کی مستقل صفائی کا اہتمام کیا جائے گا اور ذاتی صفائی کی اہمیت کا شعور بیدار کرنے پر بھی زور دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اس مہم میں نوجوان، طلبہ، اساتذہ کرام، تاجر، صنعتکار، سرکاری ملازمین، افسران، مزدور، کسان، خواتین غرضیکہ ہر شعبہ زندگی کے لوگوں کی شرکت یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کی باقاعدہ مانیٹرنگ کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ پنجاب میں پانچویں کلاس تک تعلیمی نصاب میں صفائی کی ضرورت ، اہمیت اور ماحولیات سے متعلق شعور بیدار کرنے کے لئے مختلف مضامین شامل کئے جائیں گے اورصوبہ بھر میں تحصیل کی سطح پر صفائی کے مقابلے کرائیں گے اور بہتر صفائی پر نقدانعام دیا جائے گا اور صفائی نہ ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ نوجوانوں کو کلین اینڈ گرین مہم میں شامل کرنے کے لئے بطور سکاؤٹس رجسٹر کیا جائے گا، جو رضاکارانہ طور پر صفائی مہم کی مانیٹرنگ کریں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ’’کلین اینڈ گرین پاکستان‘‘ مہم کے تحت 5سال میں ملک بھر میں 10ارب درخت لگائے جائیں گے۔ آبادی اور رقبے کے لحاظ سے پنجاب میں بھی اسی تناسب سے شجرکاری کی جائے گی۔ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف سب سے بڑی ملک گیر مہم میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کوڑے کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شروع کرے گی اور استعمال شدہ پانی کو ری سائیکل کر کے آبپاشی کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ صوبہ بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں کوڑاکرکٹ پھینکنے کے لئے مختلف مقامات مختص کئے جائیں گے جہاں سے اسے تلف کرنے کے لئے دوسری جگہ منتقل کیا جائے گا۔ ہم کوڑا کرکٹ ڈمپ کرنے کے لئے مختلف مقامات بھی مخصوص کریں گے۔عوام اس مہم میں واٹس ایپ کے ذریعے بھی شرکت کر سکیں گے۔ حکومت کے مخصوص نمبر پر گلی محلے میں پڑی ہوئی گندگی کی تصویر لے کر واٹس ایپ کی جائے گی اور صفائی کے ذمہ دار ادارے اس پر فوری کارروائی کے پابند ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صاف اور سرسبز پاکستان مہم کا اہم پہلو یہ ہے کہ اس مہم میں نوجوان رضاکاروں کو ایڈووکیٹس بنائیں گے، جو گندگی کے خاتمے اور صفائی کی ضرورت کا شعور بیدار کرنے کے لئے گھر گھر مہم چلائیں گے۔ اس حوالے سے میڈیا، کھیل اور شوبز کی مختلف شخصیات کو بھی سفیر مقرر کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے علمائے کرام، خطیبوں اور دیگر مذہبی شخصیات سے اپیل کی کہ وہ صفائی کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے عوام کو دینی تعلیمات سے آگاہ کریں اور اس کے لئے اپنا بھرپورکردار ضرور ادا کریں۔ کیونکہ صفائی کے حوالے سے اگر عوام کی ذہنیت تبدیل کرنے میں کامیاب ہو گئے تو اس جدوجہد میں انشاء اﷲ ہم سرخرو ہوں گے۔سرسبز اور صاف پاکستان کی تاریخی مہم تبدیلی کی جانب ایک اور اہم قدم اور نئے پاکستان کی تعمیر کیلئے سنگ میل ہے۔ اگر پنجاب حکومت اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اسی رفتار سے آگے بڑھتے رہے تو کلین اینڈ گرین پاکستان ہی ہماری منزل ہے۔ صاف ستھرا ماحول نہ صرف ہماری بلکہ آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے بھی بے حد اہمیت کا حامل ہے۔سرسبز اور صاف پاکستان مہم دراصل اس تبدیلی کا نقطہ آغاز ہے جس کا خواب ہم سب نے دیکھا۔ آج وزیر اعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اس خواب کی تعبیر دینے کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں ۔وزیر اعلیٰ پنجاب عمران خان کی انقلابی سوچ سے رہنمائی لیتے ہو ئے پنجاب کے عوام کی تقدیر بدلنے کیلئے تیار ہیں اور عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کپتان کے کھلاڑی ہیں اورایک ویژنری لیڈر ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اور عثمان بزدار کی کوششوں سے وہ وقت دور نہیں جب پاکستان تحریک انصاف کا نام تاریخ کے اوراق میں ایسی منفرد سیاسی جماعت کے طور پر درج کیا جائے گا، جس نے آئندہ آنے والی نسل کے مستقبل کو محفوظ تر بنانے کے لئے ملک کو صاف، شفاف اور سرسبز بنانے کا آغاز کیا۔

1 comment:

Powered by Blogger.